سورس : ایکسپرس نیوز
کراچی: پاکستان اور ایران سمیت خطے کے مختلف ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ ایران میں زلزلے کے باعث سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹنڈوالہیار، سکھر، کوئٹہ، حب، خضدار، لاہور، ملتان لیہ اور گلگت بلتستان میں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 44 منٹ پر دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے بعد لوگ اپنے گھروں ، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ تاہم اس سے کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز پاک ایران سرحدی علاقے میں زیر زمین گہرائی 155 کلو میٹر میں تھااور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی ہے ، زلزلے کے یہ جھٹکے، متحدہ عرب امارات، ایران ، افغانستان اور مغربی بھارت میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔
زلزلے کے باعث ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں شدید تباہی آئی ہے اور سیکڑوں افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے ابتدائی طور پر 50 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
Bookmarks