متحدہ عرب امارات میں ایک اپ ڈیٹ کی وجہ سے بلیک بیری فون استعمال کرنے والے افراد کی ذاتی معلومات اور ای میلز تک غیر قانونی رسائی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
یہ اپ ڈیٹ متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کام فرم ایتیصلات کی جانب سے بھیجا گیا تھا اور اس میں کہا گیا تھا کہ اس سے فون کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ تاہم اس اپ ڈیٹ کے انسٹال کرنے سے نہ صرف فون میں خرابی پیدا ہوئی بلکہ بیٹری بھی کمزور ہوگئی۔
بلیک بیری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ غیر قانونی تھا اور اسے بلیک بیری نے نہیں بنایا تھا۔
ایتیصلات متحدہ عرب امارات کی اہم ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہے اور اس کے ایک لاکھ پینتالیس ہزار بلیک بیری صارفین ہیں۔
بلیک بیری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایتیصلات نے بظاہر ایک ٹیلی کمیونیکیشن نگرانی کا سافٹ ویئر پروگرام بانٹا تاہم آزاد ذرائع کے خیال میں یہ پروگرام لوگوں کی ذاتی معلومات اور ای میلز تک غیر قانونی رسائی فراہم کر سکتا ہے‘۔
بلیک بیری نے اپنا ایک اپ ڈیٹ بھی جاری کیا ہے جس کی مدد سے صارفین پرانے اپ ڈیٹ کو ختم کر سکتے ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ امریکی فرم ایس ایس ایٹ نے تیار کیا تھا۔ یہ فرم خود کو نگرانی اور بات چیت ریکارڈ کرنے کے قانونی طریقے فراہم کرنے والا ادارہ کہتی ہے۔ تاہم یہ تاحال واضح نہیں کہ ایتصلات نے اپنے صارفین کو یہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کو کیوں دیا۔
Bookmarks