بڑی ویب سائٹیں حملوں کا نشانہ
گُوگل، فیس بک اور ٹوِٹر سمیت کئی بڑی ویب سائٹوں کو ہیکروں کی طرف سے بھرپور منظم حملوں کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بلاگنگ کی ویب سائٹ ’لائیو جرنل‘ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ان ویب سائٹوں پر حملے جمعرات کو ہوئے۔
ٹوِٹر اور فیس بک کے مطابق ٹوِٹر کو دو گھنٹوں کے لیے آف لائن کرنا پڑا جبکہ فیس بک کو ’کم درجے‘ پر رکھا گیا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی سائیٹ کو بچا لیا ہے اور اب وہ دوسری فرموں کے ساتھ مل کر ان حملوں کی تفتیش کر رہی ہے۔گوگل نے یہ نہیں بتایا کہ اس کے سائٹ کے کون سے شعبے متاثر ہوئے لیکن خیال ظاہر کیا گیا ہے اس کی ای میل سروس ’جی میل‘ اور یو ٹیوب پر حملے ہوئے ہیں۔
ٹوِٹر کے بانی بِز سٹون نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ ویب سائٹوں پر حملے کیوں کیے گئے اور اس معاملے میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتے۔
فیس بک کے سکیورٹی کے انچارج میکس کیلی نے ٹیکنالوجی کی ویب سائیٹ ’سی نیٹ‘ کو بتایا کہ حملوں کا ہدف ایک جورجیا نواز بلاگ تھا۔ انہوں نے ویب سائٹ کو بتایا کہ ہیکر اس بلاگ کو خاموش رکھنا چاہتے ہیں۔ جمعہ کو جورجیا اور روس کے درمیان لڑائی کی پہلی برسی ہے۔
متاثر ہونے والی تمام ویب سائٹوں نے کہا ہے کہ ان حملوں میں صارفین کی محفوظ کردہ معلومات متاثر نہیں ہوئیں۔ بِز سٹون نے کہا کہ حملوں کا طریقہ کار یہ ہے کہ ایک ویب سائٹ پر اتنی ٹریفک کر دیں کہ اصل صارفین کے لیے ویب سائٹ کھولنا مشکل ہو جائے۔
source bbc
Bookmarks