آرمی چیف کا محسود قبائل کے نام کھلا خط
چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کا مقصد محسود قبائل کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ دہشت گرد عناصر کے چنگل سے قبائل کوآزاد کروانا ہے ،محسود قبائل محب وطن اور پاکستان کے وفاد ار ہیں ۔ یہ بات آرمی چیف نے پیر کو محسود قبائل کے نام ایک کھلے خط میں کہی ۔ میڈیا کو فراہم کئے گئے مطبوعہ خط میں آرمی چیف نے کہا کہ محسود قبائل نے ہمیشہ دفاع وطن کے لئے بلا تنخواہ پاک فوج کا ساتھ دیاہے اور ہمارے جملہ قبائل بشمول محسود قبائل پاکستان کے وفاردار ہیں ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کا مقصد محب وطن محسود قبائل کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کا مقصد محسود قبائل کو ظالم ،دہشت گرد عناصر کے چنگل سے آزاد کروانا ہے جن کی وجہ سے علاقے کا امن وسکون تباہ ہوچکا ہے، اسی مقصد کے پیش نظر آپریشن کے اہداف بالترتیب ازبک دہشت گرد ،تمام غیر ملکی عناصر اور مقامی دہشت گرد یں ،انہوں نے کہا کہ فوج کا مقصد ہر قیمت پر محسود قبائل کو دوبارہ اپنے علاقے میں امن وسکون سے رہنے کا موقع فراہم کرنا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس آپریشن میں محسود قبائل پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینگے اور باجماعت اٹھ کھڑے ہو کر ان ظالم عناصر کیخلاف حتمی کارروائی کرینگے ، تاکہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ایک مرتبہ پھر مکمل آب وتاب کے ساتھ محب وطن محسود قبائل کی سرزمین پر لہرائے ۔ قبائل کے نام آرمی چیف کا یہ خط پشتو اور اردو میں تحریرکیا گیا ہے، جس پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی تصویر،قومی پرچم اور پاک فوج کا مونو گرام بھی ہے ۔
Bookmarks