وزیرستان آپریشن : 24 دہشت گرد ہلاک ، 2 جوان شہید
جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن راہ نجات میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24شدت پسند مارے گئے ، دو سکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے۔ مسلح افواج کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنڈولہ کے نواح میں تور گنڈائی کا علاقہ شدید لڑائی کے بعد اور بڑی تعداد میں اس علاقے میں موجود بنکر اور غار بھی کلئیر کردیئے ہیں۔ علاقے میں 13 شدت پسند مارے گئے اور بہت بڑی تعداد میں شدت پسند علاقے سے نقل مکانی کرگئے ہیں، شیشم وام میں سکیورٹی فورسز غار اور اردگرد کا علاقہ کلئیر کرارہی ہیں، شکئی اور لدھا میں شیروانگی کے شمال آپریشن جاری ہے اور گورگورا سر کا علاقہ مکمل طور پر بازیاب کرالیا ہے۔ بویا نرائی میں شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جو پسپا کردیا گیا اور 11شدت پسند مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے جبکہ ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے، ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے توروام سے شیروانگی سڑک پر کنٹرول حاصل کرکے گشت شروع کردیا ہے اور توروام پل کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے رزمک میں مکین سے آگے جانے والی سڑکیں بلاک کردی گئی ہیں، رزمک کیمپ پر شدت پسندوں نے چھ راکٹ فائر کئے جس میں ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ ترجمان کے مطابق سوات اور مالاکنڈ میں جاری آپریشن راہ نجات کے دوران بانپور سر میں اہم شدت پسند کمانڈر اقبال عرف اسلام مارا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا جبکہ مختلف علاقوں سے 9شدت پسند گرفتار اور دو نے ہتھیار ڈال دیئے۔ ترجمان کے مطابق تیرہ اکتوبر سے اب تک 7ہزار 184خاندان ڈی آئی خان اور ٹانک میں رجسٹرڈ کئے ۔
Bookmarks