لندن.. . .. . . .برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن نے کہا ہے کہ لیبر پارٹی کو فخر ہے کہ اس نے کئی مسلمانوں اور سیاہ فام رہنماؤں کو پارلیمنٹ اور کابینہ تک پہنچایا-ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ نسلی اقلیتوں کی تعلیم، اقتصادیات، سرکاری اور نجی اداروں میں بھی بھرپور نمائندگی ہو-وزیر عظم گورڈن براؤن نے ان خیالات کا اظہار اپنی رہائش گاہ ٹن ڈاؤننگ سٹریٹ میں لیبر پارٹی کے بلیک انیڈ ایشئن ایتھنک مینارٹی گروپ کے چیئر مین احمد شہزاد کی طرف سے دئے گئے ایک استقبالیے میں کیا- جس میں وزیر اعظم کی اہلیہ، ڈپٹی پرائم منسٹر، مسلمان وزراء صادق خان، شاہد ملک اورلارڈ نزیر احمد اور رکن پارلیمنٹ وریندر شرما نے بھی شرکت کی- یہ استقبالیہ برطانیہ کے مینارٹی میڈیا کے نمائندوں کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا۔جس میں وزیر اعظم گورڈن براؤن احمد شہزاد کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا- انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد مختلف کمیونٹیز کو قریب لانے کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں- وزیر اعظم نے کہا کہ برطانوی پارلیمینٹ میں نسلی اقلیتوں کی نمائندگی بہت کم ہے، لیبر پارٹی اس میں اضافہ کرنے میں مصروف ہے- میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ انتخابات میں پارلیمنٹ میں نسلی اقلیتوں کے نمائندوں کے تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔