ہنزہ…ہنزہ میں زمین سرکنے کے بعد سوست کے مقام پر پھنسے دوسو افرادکو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔حکام کا کہناہے کہ شاہراہ قراقرم کی بحالی پر ایک ماہ لگ سکتاہے۔پاک چین سرحد کے قریب تجارتی مرکز سوست میں پھنسے دوسو تاجروں ،ٹرک ڈرائیوروں اور مزدوروں کو بحفاظت نکال کر گلگت منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹرکے ذریعے بڑا آپریشن جاری ہے ۔گلگت بلتستان ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ریسکیوآپریشن کے بعد تمام افراد کو آج ہی منتقل کرلیاجائیگا۔عطاآباد کے متاثرین کیلئے ہنزہ میں ہلال احمر کی جانب سے امدادی سامان کی بڑی کھیپ پہنچائی گئی ہے۔ادھرشاہراہ قراقرم کو کھولنے کیلئے امدادی کارروائیاں آج بھی جاری ہیں ۔حکام کے مطابق شاہراہ کھولنے کیلئے ایک ماہ کا وقت درکار ہے۔گاؤں عطا آبادکی تباہی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے13افرادکے خاندانوں کو وزیر اعظم کی طرف سے گورنر گلگت بلتستان قمر زمان قائرہ نے کریم آباد ہنزہ میں ایک خصوصی تقریب میں فی کس پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے ۔