واشنگٹن : امریکا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں شمالی وزیرستان میں کارروائی کرسکتا ہے۔ یہ بات سابق امریکی صدارتی امیدوار سینیٹر جان مکین اور سینیٹر جو لائبرمین نے واشنگٹن میں سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر مخلص ہے۔ ڈرون حملوں کا نام لئے بغیر امریکی سینیٹرز نے کہا کہ بعض معاملات پر فریقین کے درمیان عدم اتفاق ہے کیونکہ یہ پیچیدہ امور ہیں تاہم پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم حلیف ہے۔ سینیٹر لائبرمین نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے دشمن مشترکہ ہیں اور ان کو مل کرشکست دیں گے۔ سینیٹر مکین نے خبردار کیا کہ دو ہزار گیارہ کے وسط سے افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا پورے خطے کو غیریقینی میں ڈال دے گا۔