کارلوس سلم نے بل گیٹس کی جگہ لے لی
دنیا میں امیر ترین لوگوں کی فہرست میں سرفہرست رہنے والے بل گیٹس پہلے سے دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے ایک میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ امیر ترین شخص قرار دئیے جانے والے بل گیٹس کی جگہ کارلوس سلم نے لے لی ہے۔ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے کارلوس سلم نے دولت جمع کرنے میں بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ان کی دولت میں گزشتہ سال اٹھارہ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ دولت تریپن اعشاریہ پانچ ارب تک پہنچ گئی۔ اس فہرست میں 55 ممالک سے تعلق رکھنے امراء کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ ان امراء میں پاکستان کے سرمایہ دار میاں محمد منشا کا نام بھی موجود ہے جو کہ ایک ہزار افراد کی فہرست میں نو سو سینتیسویں نمبر پر ہیں۔ اس فہرست کے مطابق سب سے پہلے نمبر پر میکسیکو کے کارلوس سلم ، بل گیٹس دوسرے ، جبکہ امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور سرمایہ دار وارن بفٹ ترتالیس ارب ڈالر سے تیسرے نمبر پر ہیں۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے سرمایہ دار مکیش امبانی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر جبکہ لکشمی متل پانچویں نمبر پر ہیں۔ مجموعی طور پر اس فہرست میں ایشیا سے تعلق رکھنے والے 234 ارب پتی شامل ہیں جبکہ یورپ سے تعلق رکھنے والے سرمایہ داروں کی تعداد 248 ہے۔ اس فہرست کے مطابق دنیا کے 60 امیر ترین افراد نیویارک میں، 50 ماسکو میں اور 32 لندن میں رہائش پذیر ہیں۔
Bookmarks