منگل سے انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ون ڈے کرکٹ سیریز کا آغاز
ٹیسٹ کی طرح ون ڈے کرکٹ سیریز جیتیں گے۔ راہول ڈریوڈ
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 7 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ منگل کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو اس سے قبل ٹیسٹ سیریز میں بھارت کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ پرعزم ہیں کہ ان کی ٹیم ٹیسٹ کی طرح ون ڈے کرکٹ سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ نے کہا کہ 21 سال بعد انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کرنے کے باعث کھلاڑیوں کے حوصلہ بلند ہیں اور وہ ون ڈے کرکٹ سیریز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ادھر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان پال کولنگ ووڈ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ٹیسٹ کی نسبت ون ڈے سیریز میں زیادہ پراعتماد طریقے سے میدان میں اترے گی اور یہ سیریز جیت کر بھارت کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ چکا دے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 24 اگست کو برسٹول میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ 27 اگست کو برمنگھم، چوتھا 30 اگست کو مانچسٹر، پانچواں 2 ستمبر کو لیڈز اور چھٹا 5 ستمبر کو اوول گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا ساتواں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔
Bookmarks