انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے کیلئے شعیب کو 12کروڑ روپے کی پیشکش
آئی سی ایل کامیابی کیلئے اور نامور کھلاڑیوں کو راغب کرنے کیلئے رقم میں مزید اضافہ کر سکتا ہے
انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے کیلئے محمد آصف کے بعد شعیب اختر کو 12 کروڑ روپے کی آفر ملی ہے ۔ آئی سی ایل کامیابی کیلئے اور نامور کھلاڑیوں کو راغب کرنے کیلئے رقم میں مزید اضافہ کر سکتا ہے ۔ بھارت اور پاکستان کے علاوہ سری لنکن کھلاڑیوں کو بھی پیشکشیں ہوئی ہیں تاہم سب سے زیادہ پشکش انڈین کھلاڑیوں کو ہوئی ہے جو کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے تین گنا ہے۔محمد آصف رواں ہفتے فیصلہ کریں گے ۔ محمد یونس ، محمد یوسف ، شاہد آفریدی ،انضمام الحق ، عبدالرزاق ، محمد مشتاق، ثقلین مشتاق معاہدہ کرنے والوں کی لائن میں شامل ہیں ۔ کئی جونئیر کھلاڑی بھی لیگ کھیلنے کے خواہشمند ہیں ۔پی سی بی کو اپنے معاہدہ کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا ۔ آئی سی ایل سے پاکستان کرکٹ کو آنے والے وقتوں میں ایک بڑے بحران کا سامنا ہے۔ ملک کے نام ور کھلاڑیوں کو ان مقابلوں میں شرکت کے عوض بھاری معاوضے کی پیشکش کی گئی۔ دولت کی ریل پیل اور چمک دمک کئی ملکوں میں کرکٹ کے افق کو سیاہ کر سکتی ہے۔ انڈین کرکٹ لیگ کے حکام نے جمعے کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شعیب اختر کو تین سال کے لیے 12 کروڑ روپے کی آفر دی ہے، انہیں انڈین کرکٹ لیگ کی اشتہاری مہم میں حصہ لینے کے عوض مزید بھاری رقم دینے کو بھی کہا ہے۔ اس پیشکش کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر نے اپنے ساتھیوں اور قانونی مشیروں سے صلاح مشورہ شروع کردیا ہے۔ ایک اور فاسٹ بولر محمد آصف کو دس کروڑ روپے کے معاہدے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ محمد آصف اگلے ہفتے اس پیشکش کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین یونس خان اور محمد یوسف جنہوں نے ابھی تک پی سی بی کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے ہیں ان کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سابق کپتان انضمام الحق کے علاوہ اسپنر مشتاق احمد، ثقلین مشتاق کو بھی انڈین لیگ میں کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ دو اہم آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور عبدالرزاق بھی انڈین کرکٹ لیگ میں جانے کے لیے پر تول رہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے بورڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں مگر عبدالرزاق ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے دستے میں شامل نہ کیے جانے کے بعد پی سی بی پر برہم ہیں اور وہ یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ جس جگہ قدر نہ کی جائے وہاں کھیلنے کا کیا فائدہ۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ عبدالرزاق بھی اگلے چند روز میں بھارتی کرکٹ لیگ میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ اوپنر عمران فرحت تو اپنا معاہدہ توڑ چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دو تین روز میں وہ انڈین کرکٹ لیگ کے معاہدے پر دستخط کردیں گے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عاصم کمال بھی انڈین لیگ میں کھیلنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران فرحت بورڈ سے معاہدہ توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پی سی بی اور عمران فرحت کے درمیان کوئی رابطہ نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو کھلاڑی معاہدہ توڑ رہے ہیں یا انڈین کرکٹ لیگ میں کھیلنے کے لیے جانا چاہتے ہیں، ہم انہیں روک نہیں سکتے، ہر کھلاڑی اپنی مرضی کا مالک اور اپنے بارے میں فیصلہ کرنے میں آزاد ہے۔ پی سی بی کے ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین لیگ کی جانب سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے لیے اتنی بڑی آفر اچھی چیز ہے، تاہم ہماری خواہش ہے کہ کھلاڑی ملک کو ترجیح دیں۔
Bookmarks