امریکی صدر براک اوباما کی اچانک افغانستان آمد
امریکی صدر براک اوباما اتوار کے روز اچانک افغانستان کے دورے پر کابل پہنچے۔ منصب صدارت سنبھالنے کے بعد مسٹر اوباما کا یہ پہلا دورہ ہے۔ سیکیورٹی کی وجہ سے براک اوباما کے دورے کو انتہائی خفیہ رکھا گیا۔ براک اوباما کیمپ ڈیوڈ سے ہفتہ کو رات گئے اپنے خصوصی طیارے ائرفورس ون کے ذریعے براہ راست کابل کے جنوب میں بگرام ائر بیس پہنچے۔
وائٹ ہاوس کے اہلکار نے دورے سے پہلے بتایا کہ مسٹر اوباما، افغانستان میں امریکی و نیٹو فوج کے کمانڈر جنرل اسٹینلے میک کرسٹل اور کابل میں امریکی سفیر کارل ایکن بیری سے براہ راست زمینی حقائق جاننا چاہتے ہیں۔ گذشتہ برس صدر براک اوباما نے افغانستان میں تیس ہزار مزید امریکی فوجی بھیجنے کی منظوری دی اور وسط ستمبر 2011ء میں اپنی فوج کے انخلاء کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ اپنے دورہ افغانستان میں وہ امریکی فوجیوں اور سفارتکاروں سے ملاقات کریں گے۔
صدر براک اوباما کی اندرون ملک ہیلتھ کیئر اصلاحات میں کامیابی کے بعد اب وہ سیاسی طور افغانستان پر توجہ مرکوز کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ حالیہ چند دنوں میں امریکی فوج کو افغانستان میں بہت زیادہ جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑے ہیں۔
Bookmarks