اسلام آباد (17 مارچ ، 2010):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے انٹر نیٹ پر اپنی سرکاری ویب سائیٹ کا آغازاردو میں بھی کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز ، اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔ پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعظم کے مشیر برائے آئی ٹی ، سردار محمد لطیف کھوسہ نے کیا۔اس موقع پر چئیرمین پی ٹی اے ، ڈاکٹر محمد یٰسین ،ممبر(فنانس) پی ٹی اے، سید نصرالکریم غزنوی ، ممبر (ٹیکنیکل)پی ٹی اے، ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر بھی موجود تھے۔
پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ کا ڈیزائن اور خاکہ انگریزی ویب سائیٹ جیسا ہو گا اوراسی مواد کو آسان اردو میں ترجمہ کر کے پیش کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد در اصل ان انٹر نیٹ صارفین کو آن لائن معلومات تک رسائی فراہم کرنا ہے جو عمومی طور پر انٹرنیٹ کے استعمال اور انگریزی زبان سے کم واقفیت رکھتے ہیں۔ لیکن اب وہ صارفین بھی اس ویب سائیٹ کے ذریعے پی ٹی اے کی سرگرمیوں، فیصلوں، پالیسیوں، تحفظ صارفین ریگولیشنز اور کمپلینٹ مینیجمنٹ سسٹم سے متعلق آن لائن معلومات تک رسائی حاصل کر کے ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔
صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے اس کی مختلف سہولیات بھی استعمال کر سکیں گے۔ پی ٹی اے اپنے ہیڈ کوارٹرز اور زونل دفاتر کے ساتھ ساتھ اپنی ویب سائیٹ پر بھی ٹیلی کام صارفین کی مختلف شکایات براہ راست وصول کرتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک مخصوص سسٹم سی ایم ایس (کانٹنٹ مینیجمنٹ سسٹم) تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین کی شکایات کے نئے نظام کو آپریٹرز کے نظام سے مربوط کر دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میںکیا جا سکے گا۔ صارفین اس ویب سائیٹ پر اپنی شکایات کا اندراج ”شکایات“ کے نام سے موجود لنک کے تحت ایک سادہ اور آسان شکایت فارم پر کر کے بہ آسانی کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ پی ٹی اے کی اردو ویب سائٹ پرسم انفارمیشن سسٹم 668 ، چوری شدہ موبائل کو ایمی نمبر کے ذریعے بلاک کرانا، ٹیلی کام سیکٹر کی کارکردگی کے اعدادوشمار اور پی ٹی اے کی دیگر ایسی سہولیات بھی موجود ہوں گی۔پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ ملاحظہ کرنے کیلئے صارفین
www.pta.gov.pk لنک پر جا سکتے ہیں اس لنک کے تحت کھلنے والے صفحے پر موجود مینیو میں ”اردو“ کا بٹن دبانے سے صارفین اردو ویب سائیٹ پر پہنچ جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے آئی ٹی، سردار محمد لطیف خان کھوسہ نے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشنز کے شعبے کی شاندار کارکردگی پر پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی سی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم صارفین کی سہولت اور ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے انٹر نیٹ ، موبائل اور ٹیلی کمیونیکیشن کے دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کیلئے کام کر رہے ہیں وہاں ہمیں اپنے ریگولیٹری نظام اور پالیسی کے ڈھانچے کے تحفظ، استحکام اور اس پر کامیابی سے عمل دراآمد کو یقینی بنانا ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انٹرنیٹ کے وسیع فروغ کا براہ راست تعلق انٹر نیٹ ویب سائیٹس کے مقامی زبان میں ایڈیشنز کی دستیابی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مَیں ٹیلی کام صارفین کو نت نئی سہولیات کی فراہمی کے اقدام پر پی ٹی اے کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ کے اجرا سے پاکستان کے عوام کیلئے ٹیلی کمیونیکیشن سے متعلق معلومات کی حصولی کا ایک نیا ذریعہ دستیاب ہو جائے گااور اس سلسلے میں حکومت اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔
اس موقع پر چئیرمین پی ٹی اے نے وزیر اعظم کے مشیر برائے آئی ٹی کو پی ٹی اے کی کارکردگی ، عزائم اور کامیابیوں کے حوالے سے بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کے نزدیک پاکستان میں براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروسز کے پھیلاﺅ میں سب سے بڑی رکاوٹ مقامی کانٹنٹ کی عدم دستیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں ٹیلی کام انڈسٹری اور تعلیمی اداروں سے رابطے میں ہیں تاکہ پاکستان کے عوام کو مقامی کانٹنٹ اور ایپلی کیشنز کی فراہمی کے ذریعے اس رکاوٹ کو دور کیا جا سکے۔ پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ کا آغاز پاکستان میں انٹرنیٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے جس کے ذریعے پی ٹی اے اردو میں مکمل ویب سائیٹ تیار کرنے والا پاکستان کا پہلا سرکاری اداراہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے کے اس اقدام سے مقامی کانٹنٹ کے فروغ کیلئے کی جانیوالی کوششوں کی حوصلہ افزائی ہو گی اور انٹرنیٹ کو عوام کے مزید قریب لایا جا سکے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ٹی اے کی اردو ویب سائیٹ یونی کوڈ فونٹ سٹینڈرڈ کو استعمال کرتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔ یونی کوڈ سٹینڈرڈ (یو ٹی ایف - 8) ایسی خصوصیت کا حامل ہے کہ اس میں کلائینٹ کمپیوٹر پر اردو فونٹس انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
Bookmarks