ایشیا کپ، قومی اسکواڈ کا اعلان 2جون کو متوقع
آئندہ ماہ سری لنکا میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لئے 15رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 2جون کو متوقع،اسکواڈ میں شعیب اختر اور یونس خان کی واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 2جون کو لاہور میں ہو گاجس میں قومی کرکٹ ٹیم کوچ وقار یونس بھی شرکت کریں گے۔ مشاورت کے بعد ایشیا کپ کیلئے 15رکنی حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔اسکواڈ میں کپتان شاہد آفریدی، سلمان بٹ، شاہ زیب حسن، محمد حفیظ، یونس خان، عبدالرزاق، کامران اکمل، عمر اکمل، محمد عامر، محمد آصف، سعید اجمل، عبدالرحمان، فواد عالم، محمد عرفان اور شعیب اختر کی شمولیت متوقع ہے۔ یاد رہے کہ ایشیاء کپ میں شرکت کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 4جون سے کراچی میں لگایا جائے گا۔
Bookmarks