اَقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اِس سال اب تک پاکستان سے رضا کارانہ طور پر وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کی تعداد 70 ہزار ہو گئی ہے جن کی اکثریت صوبہ خیبر پختونخواہ میں مقیم تھی۔
عالمی تنظیم کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ اڑھائی ماہ میں یہ تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار ہو جائے گی جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں دُگنی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خصوصاََ جون کے مہینے میں واپس جانے والے مہاجرین کی تعداد میں تیزی آئی ہی اور روزانہ 800 سے زائد افراد یواین ایچ سی آر کے رضاکارانہ طور پر واپسی کے پروگرام کے تحت افغانستان جار ہے ہیں۔
یواین ایچ سی آرکے پاکستان میں نمائندے منگیشا کبیڈی نے کہا ہے کہ افغانستان میں سلامتی کے خدشات اور مشکل سماجی و معاشی حالات کے باوجود 70 ہزار افغانوں کی تسلسل سے واپسی اس بات کا مظہر ہے کہ مہاجرین کی اکثریت اپنے ملک میں مواقعوں کی دستیابی کے بارے میں پُر اعتماد ہے۔
عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ افغان پناہ گزینوں نے وطن واپس جانے کی بڑی وجوہات پچھلے چند ماہ کے دوران پاکستان میں مشکل اقتصادی وسلامتی کی صورت حال اور افغانستان کے کچھ صوبوں میں روزگار کے بہتر مواقع بیان کی ہیں
۔