پنجاب میں تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے سے25افراد جاں بحق
پنجاب کے کئی شہروں میں تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے،سے مختلف حادثات میں25 افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے.وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے متاثرہ خاندانوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مدد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ساہیوال میں تیز آندھی اوربارش نے کئی عمارتیں ،سائن بورڈ اوردرخت گرا دیئے. مختلف واقعات میں خاتون سمیت دس افراد جاں بحق اور ستر کے قریب زخمی ہوگئے۔ کمالیہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں جھنگ میں ایک ہی گھر کی 3 خواتین ،صفدرآباد میں10 سالہ بچہ جبکہ تاندلیانوالہ میں باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ مظفر گڑھ کے علاقہ سیت پورمیں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ راجن پور، ڈیرہ غازی خان اورتونسہ شریف میں آسمانی بجلی گرنے سے گیارہ سالہ بچی سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ پاکپتن میں بجلی کا پول گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔قصورمیں چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق، دس زخمی ہوگئے۔ بہاولپورمیں بھی بجلی کے کھمبے، سائن بورڈ اور دیواریں گرنے سے 35افراد زخمی ہوگئے ۔ ملتان کے علاقہ شجاع آباد میں آندھی کے باعث آگ لگنے سے دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ کوٹ ادو میں تیز آندھی کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، دیوار گرنے سے 2 خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
Bookmarks