اسلام و علیکم
Date : 7/24/2011 Updated at 0500 PST
نیویارک ... اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکی صدر بارک اوباما نے ناروے کے بم دھماکوں اور فائرنگ سے ہلاکتوں کی پرزُور مذمت کی ہے،فائرنگ کے ملزم قدامت پسند عیسائی نے ذمے داری قبول کرلی۔جمعے کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے کار بم دھماکے میں سات جبکہ جزیرے یوٹایا میں حکمراں جماعت کے یوتھ سمر کیمپ پر فائرنگ سے پچاسی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرفتار ملزم آندرے بیہرنگ بریوک قدامت پسند عیسائی ہے اور اس نے واقعے کی ذمے داری قبول کرلی ہے، ملزم پیر کو عدالت میں بیان قلم بند کرائے گا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ناروے میں خونریزی کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابل نفرت حرکت قرار دیا،کونسل نے ناروے کی حکومت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔پندرہ رکنی کونسل کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی بھی جگہ اور کسی بھی وجہ سے کی جائے یہ مجرمانہ حرکت ہے۔امریکی صدر بارک اوباما نے ناروے کے وزیراعظم جینز اسٹولٹن برگ سے تعزیت کرتے ہوئے اپنے ملک کی جانب سے اس ہولناک المیے سے نمٹنے میں مدد کی پیشکش کی۔