معروف سائنسی جریدے ’نیچر‘ کے مطابق ایک رومی ڈوبے ہوئے جہاز میں ملنے والا اکیس سو سالہ پرانا ’کمپیوٹر‘ اولپمک گیمز کے لیے کیلنڈر کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
’اینٹی کائتھرا میکنزم‘ نامی اس آلے نے ایک یونانی غوطہ خور کے ہاتھوں انیس سو ایک میں اپنی دریافت کے بعد سےماہرین کو حیرت میں مبتلا کیا ہوا ہے۔
محققین نے بہت پہلے ٹائم بتانے والی اس قدیم آلے کے بارے میں کہا تھا کہ اسے فلکیاتی چکر معلوم کرنے والے آلے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
اس آلے پر کام کرنے والی ٹیم کا اب کہنا ہے کہ اس کے ایک ڈائل کے ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کے یہ قدیم یونان کی اولمپیاڈ کی تاریخ بتاتی ہے۔
اینٹی کائتھرا میکنزم ریسرچ پراجیکٹ کی ایک رکن ٹونی فریتھ کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ان کے لیے ’حیران کن‘ ہے۔
’اولمپیائڈ سائیکل بہت ہی سادہ تھا۔ ایک چار سالہ سائیکل جس کے حساب کتاب کے لیے آپ کو کسی پیچیدہ آلے کی ضرورت نہیں۔ اس لیے اس کو دیکھنے سے ہمیں بہت حیرانی ہوئی۔‘
’لیکن ان گیمز کی سماجی اور ثقافتی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہ اتنی غیر فطری حرکت بھی نہیں۔‘
تاہم مسٹر فریتھ اور ان کے ساتھی اب اس آلے پر لکھائی سے اس بات کا اندازہ لگانے میں کامیاب ہوئے ہیں کہ یہ چار سالہ اولمپیائڈ سائیکل کو ظاہر کرتے ہیں۔
حالیہ وقتوں میں منعقد ہونے والے ایک اولمپک گیمز کے برعکس قدیم اولمپیاڈز جنہیں ’پین ہیلینک گیمز‘ کہا جاتا تھا چار سالوں میں چار گیمز پر مشتمل تھے۔
یہ نایاب نمونہ دوسرے بیش قیمت خزانے کے ساتھ ایک غوطہ خور کو اینٹی کایتھرا جزیرے کے قریب ایک غرقاب ہونے والے جہاز میں ملا تھا۔ جس کو اب ایتھنز میں نیشنل آرکیالوجی میوزیم میں دیکھنے کے لیے رکھا گیا ہے۔
Bookmarks