Assalam-o-Allykom Wrt Wbrkt
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
اپنی خاطر جگے ہو، سوئے ہو
اپنی خاطر ہنسے ہو روئے ہو
کس لئے، آج کھوئے کھوئے ہو
تم نے آنسو بہت پئے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
حُسن ہی حُسن ہو ، ذہانت ہو
عشق ہوں میں، تو تم محبت ہو
تم مری بس مری امانت ہو
جی لئے، جس قدر جیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
رہتے ہو رنج و غم کے گھیروں میں
دُکھ کے، آسیب کے بسیروں میں
کیسے چھوڑدوں تمہیں اندھیروں میں
تم کو دے دوں گا سب دیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
تم ازل سے دکھوں کے ڈیرے ہو
چاہے خود کو غموں سے گھیرے ہو
جب سے پیدا ہوئے ہو میرے ہو
آج کھولیں گے لب سیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
اب مجھے اپنے درد سہنے دو
دل کی ہربات دل سے کہنے دو
میری بانہوں میں خود کو بہنے دو
مدتوں خود زخم سیے اپنے
تم بہت سال رہ لئے اپنے
اب مرے، صرف میرے ہوکہ رہو
وصی شاہ
Bookmarks