اگر آپ گوگل کروم یا فائر فاکس براﺅزر استعمال کرتے ہیں تو اپنی شخصیت کے بارے میں یہ اہم ترین پیشنگوئی ضرور پڑھ لیں
گوگل کروم ،موزیلا فائرفوکس و دیگر ویب براﺅزر کے اصل کام سے تو ہم آگاہ ہیں لیکن اب سائنسدانوں نے اپنی نئی تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ ان ویب براﺅزرز کے ذریعے انسان کی شخصیت، دفتر میں اس کے کام کے معیار اور لگن کی پیش گوئی بھی کی جا سکتی ہے۔ امریکی یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے ماہر مائیک ہاﺅس مین کا کہنا ہے کہ ”جو لوگ گوگل کروم یا فائرفوکس استعمال کرتے ہیں ان کی دفتر میں کارکردگی بہتر ہوتی ہے، اور وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر اور سفاری جیسے براﺅزر استعمال کرنے والے اپنے ساتھیوں کی نسبت 15فیصد زیادہ اپنی نوکری سے منسلک رہتے ہیں۔“ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اول الذکر لوگ اپنے تیز براﺅزر کی وجہ سے کام میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور موخرالذکر سست براﺅزر کی وجہ سے ناکام رہتے ہیں، بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ براﺅزر کا انتخاب انسان کی شخصیت کو بھی ظاہر کرتا ہے اور ان کی شخصیت ہی ان کی بہتر یا ناقص کارکردگی کی وجہ ہوتی ہے۔
مائیک ہاﺅس مین کا کہنا تھا کہ ”اگر آپ کروم یا فائرفوکس استعمال کرتے ہیں توآپ کو یہ ڈاﺅن لوڈ کرکے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرنے پڑتے ہیں جبکہ سفاری اور انٹرنیٹ ایکسپلورر آپ کو ونڈوز کے ساتھ مل جاتے ہیں، یہ ونڈوز کے ڈیفالٹ براﺅزر ہوتے ہیں۔ جو لوگ ان ڈیفالٹ براﺅزرز کو قبول کر لیتے ہیں ان کی شخصیت میں کچھ نیا کرنے کا عنصر شامل نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس جو لوگ ان ڈیفالٹ براﺅزرزپر اکتفا نہیں کرتے اور تھوڑی محنت کرکے ان سے بہتر اور تیزرفتار براﺅزر ڈاﺅن لوڈ اور انسٹال کرکے استعمال کرتے ہیں وہ زندگی میں کسی بھی ڈیفالٹ عنصر پر اکتفا نہیں کرتے بلکہ ان میں کچھ نیا کرنے کی جستجو ہوتی ہے اور اس طرح وہ ایک نقطے پر رک جانے کی بجائے بہتر سے بہترین کا سفر طے کرتے رہتے ہیں۔“
Bookmarks