لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں پر آسائش سفر کو یقینی بنانے والی ٹیکسی سروس ” اوبر“ پاکستان میں بھی آ چکی ہے اور متوقع طور پر اسے بہت پذیرائی بھی حاصل ہوئی ہے۔ اوبر نے اپنی سروسز شروع کرنے کے پہلے تین دن لاہور بھر میں بالکل مفت سروس فراہم کی جس کا شہریوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان تین دنوں میں کوئی بھی گاڑی بمشکل دستیاب تھی۔ اوبر کی فری آفر تو ختم ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود آپ کے پروموشن کوڈز کے ذریعے بالکل مفت سفر کرنے کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔
اوبر کے لاہور میں آنے پر ہم نے بھی اس سروس کو آزمانے کا فیصلہ کیا لیکن اس وقت شدید حیرانی ہوئی جب سارا دن ڈھونڈنے کے باوجود بھی کوئی گاڑی نہ مل سکی اور بالآخر دن بھر کی ”مشقت“ کے بعد ایک گاڑی مل ہی گئی جو صرف چند منٹ میں ہی دروازے پر پہنچ گئی۔ گاڑی دیکھ کر اور بھی خوشی ہوئی کیونکہ وہ بالکل نئی اور زبردست حالت میں تھی۔
ماہرین اس طرح کی سروسز کو سفر میں ایک نئی جہت قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے پرآسائش اور محفوظ سفر اب اور بھی آسان ہو گیا ہے خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جو پبلک ٹرانسپورٹ کی بری حالت کے باعث سفر کرنے سے کتراتے ہیں یا پھر وہ فیملیز جو محفوظ سفر کی خواہاں ہوتی ہیں۔
Bookmarks