اچھوں سے محبت کے فضائل


رضائے الٰہی عزوجل کیلئے اچّھوں سے مَحَبَّت رکھنے کے سات فضائل سنئے اور جھومئے۔
اللہ تعالیٰ قِیامت کے دن فرمائے گا کہاں ہیں جو میرے جلال کی وجہ سے آپس میں مَحَبَّت رکھتے تھے آج میں اُن کو اپنے سائے میں رکھوں گا آج میرے سائے کے سوا کوئی سایہ نہیں۔
(صحیح مسلم ، ص ۱۳۸۸ ،حدیث ۲۵۶۶)
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے جو لوگ میری وجہ سے آپَس میں مَحَبَّت رکھتے ہیں اور میری وجہ سے ایک دوسرے کے پاس بیٹھتے ہیں اور آپس میں ملتے جلتے ہیں اور مال خرچ کرتے ہیں اُن سے میری مَحَبَّت واجِب ہوگئی۔
(المُؤَطّا ، ج ۲ ص ۴۳۹، حدیث ۱۸۲۸)
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: جو لوگ میرے جلال کی وجہ سے آپَس میں مَحَبَّت رکھتے ہیں اُن کیلئے نُور کے منبر ہو نگے ۔ انبیاء و شہداء اُن پر غِبطہ( یعنی رشک) کریں گے۔
(سنن الترمذی ،ج ۴ ، ص ۱۷۴ ،حدیث ۲۳۹۷ ، دار الفکر بیروت)
دو شخصوں نے اللہ کے لئے باہم مَحَبَّت کی اور ایک مشرق میں ہے دوسرا مغرب میں قِیامت کے دن اللہ تعالیٰ دونوں کو جمع کریگا اور فرمائے گا یہی وہ ہے جس سے تو نے میرے لیے مَحَبَّت کی تھی۔
(شعب الایمان ،ج۶،ص۴۹۲ حدیث ۹۰۲۲ دار الکتب العلمیۃ بیروت)
جنّت میں یاقوت کے ستون ہیں اُن پر زبر جد کے بالاخانے ہیں وہ ایسے روشن ہیں جیسے چمکدار ستارے لوگوں نے عرض کی، یا ر سول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ اٰلہٖ وسلم ان میں کون رہے گا فرمایا: وہ لوگ جو اللہ کیلئے آپَس میں مَحَبَّت رکھتے ہیں ایک جگہ بیٹھتے ہیں آپس میں ملتے ہیں۔
(شعب الایمان ،ج۶،ص۴۸۷ ، حدیث ۹۰۰۲، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
اللہ کیلئے مَحَبَّت رکھنے والے عرش کے گِرد یا قوت کی کرسی پر ہوں گے۔
(المعجم الکبیر ج ۴ ص ۱۵۰ ،حدیث ۳۹۷۳،دار احیاء التراث العربی،بیروت)
جو کسی سے اللہ کے لیے مَحَبَّت رکھے اللہ کے لیے دشمنی رکھے اور اللہ کے لیے دے اور اللہ کے لیے منع کرے اُ س نے اپنا ایمان کامل کر لیا۔
(سنن ابی داو،د ، ج ۴ ، ص ۲۹۰ ، حدیث ۴۶۸۱)