سندھ ہائی کورٹ نے آئی سی ایل کے مزید چھ کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملی ہے ان میں عمران فرحت، ہمایوں فرحت، توفیق عمر، عمران نذیر، ریاض آفریدی اور ارشد خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی گیارہ آئی سی ایل کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا حکم دے چکا ہے۔ چونکہ ان چھ کرکٹرز نے اپنے ساتھی گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ عدالت سے رجوع نہیں کیا تھا لہٰذا بعد میں پیٹشن دائر کر کے اپنے حق میں عدالتی فیصلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
آئی سی ایل میں حصہ لینے والے ان کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر عائد پابندی کے خلاف فخرالدین جی ابراہیم کے توسط سے پٹیشن داخل کی تھی۔
آئی سی ایل میں حصہ لینے والے کرکٹرز کی تعداد اکیس تھی جن میں سے انضمام الحق اور مشتاق احمد فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ ثقلین مشتاق اور اظہر محمود نے پابندی کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع نہیں کیا۔
جن سترہ کرکٹرز پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر عائد پابندی اٹھائی گئی ہے ان میں محمدیوسف، عمران فرحت، عمران نذیر، توفیق عمر، ہمایوں فرحت، شاہد نذیر، رانا نویدالحسن، شبیراحمد، عبدالرزاق، طاہر مغل، حافظ خالد، حسن رضا، نویدلطیف، شاہد یوسف، محمدسمیع، ریاض آفریدی اور ارشد خان شامل ہیں۔
پابندی اٹھنے کے بعد متعدد کرکٹرز قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیل رہے ہیں۔
Bookmarks