ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارت میں ایک اچھے بھلے سمجھدار شخص کو ایک برقعہ پوش خاتون نے ایسا چکمہ دیا کہ بیچارہ پل بھر میں عمر بھر کی کمائی سے ہاتھ دھو بیٹھا، یکمشت 50 لاکھ روپے سے محروم ہو گیا۔ شاطر خاتون اسے ایک ایسا فلیٹ بیچ گئی ہے جو دراصل اس کی ملکیت تھا ہی نہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دھوکے کا نشانہ بننے والے 37سالہ شخص کا نام انور شیخ ہے جسے ڈونگری کے علاقے میں برقعہ پوش خاتون نے فلیٹ فروخت کیا۔ انور شیخ اپنے بیوی بچوں اور والدین کے ساتھ ایک تنگ مکان میں رہائش پذیر تھا اور کسی مناسب رہائش گاہ کی تلاش میں تھا۔ رئیل سٹیٹ ڈیلر قادر شیخ اور ساجد انصاری نے اس کی ملاقات ڈونگری کی انصاری ہائٹس کی گیارہویں منزل پر واقع فلیٹ کی ’مالکن‘ برقعہ پوش خاتون سے 6نومبر کے روزکروائی۔ ابتدائی طور پر انہوں نے فلیٹ کی قیمت 65لاکھ بتائی لیکن گفت و شنید کے بعد 50 لاکھ طے پایا۔
پراپرٹی ڈیلرز نے انور بتایا کہ سبینہ قیوم نامی خاتون مالی مسائل سے دوچار ہے اور اپنا فلیٹ بیچنا چاہ رہی ہے ورنہ اس طرح کا فلیٹ اتنا سستا ملنا کسی طور ممکن نہیں تھا۔ بدقسمت شخص موقعے کو غنیمت جان کر دھوکے میں آ گیا، لیکن رقم وصول کرنے کے بعد پراپرٹی ڈیلر بھی غائب ہوگئے اور برقعہ پوش خاتون بھی ۔
انور کا کہنا ہے کہ جب وہ فلیٹ پر گیا تو اسے بتایا گیا کہ یہ حمید شیخ نامی شخص کی ملکیت ہے جو کچھ دنوں کے لئے ایک درگاہ پر حاضری دینے کے لئے بریلی گیا ہوا ہے۔ حمید شیخ فلیٹ بیچنا چاہتا تھا اور اس نے یہ ذمہ داری پراپرٹی ڈیلر منصور چاندی والا کو سونپی تھی۔ ساجد اور قادر نے یہ فلیٹ کسی گاہک کو دکھانے کے بہانے چابی اس سے لی تھی لیکن اس آڑ میں وہ برقعہ پوش خاتون کو جھوٹی مالکن بنا کر رقم ہتھیانے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔


- - - Updated - - -

Amazing News