آئی ٹی دنیا میں خوش آمدید

کراچی میں بارش موسم خوشگوار


کراچی میں مون سون کی خوب بارشیں ہوئیں اور موسم خوشگوار ہوگیا، شہریوں نے بھی خوب انجوائے کیا،

یہ خبر جنگ نیوز سے لی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق
ریاست راجستھان سے آنے والے مون سون کے سسٹم کے اثرات کراچی میں نظر آنے لگے، شہر بھر میں صبح سویرے سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمۂ موسمیات نے آج کراچی میں کھل کر برسات ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بدھ تک بارش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

بادلوں کے برستے ہی شہرِ قائد کے متعدد اسکولوں میں چھٹی دے دی گئی، البتہ سرکاری اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی چھٹی نہیں کی گئی۔

بارش نہ رکنے کے باعث بیشتر طلبہ کے والدین بچوں کی اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں سے واپسی کے متعلق فکر مند ہو گئے۔

کراچی گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، کئی روز سے ہلکی اور اب تیز بارش ہونے سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم سہانا و خوش گوار ہو گیا ہے۔

کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یو پی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا دار، میٹھا در، ٹاور، کیماڑی سمیت شہر بھر میں مسلسل بارش جاری ہے۔


سڑکوں پر جگہ جگہ پانی اور کیچڑ جمع ہو گئی ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام ناپید ہے جس کی وجہ سے اگر اسی طرح مسلسل بارش ہوتی رہی تو دوپہر کے بعد شہر کی اہم شاہراہیں اور چورنگیاں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں گی۔


محکمۂ موسمیات کے مطابق پورے شہر میں معتدل سے تیز بارش جاری ہے، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔


ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر صبح سے اب تک 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، اس وقت بارش کا نظام زیادہ فعال نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج اور کل تیز بارش کا امکان ہے، شہر میں 40 سے 45 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔

میٹ کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے سسٹم نے سندھ کے جنوبی اضلاع کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، تاہم کراچی میں بدھ کی صبح تک بارش کا یہ سسٹم ختم ہو جائے گا جبکہ اگست کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

سندھ کے علاقوں حیدرآباد، ٹھٹھہ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، سیہون، تھر پارکر، عمر کوٹ، بدین، نواب شاہ، پڈ عیدن، جیکب آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔


محکمۂ موسمیات کے مطابق آج میرپور خاص، ٹھٹھہ، حیدر آباد، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ، مکران، قلات، سبی، نصیر آباد اور ژوب میں بھی بادل برسیں گے۔

اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، بہاول پور، ساہیوال، اسلام آباد، راول پنڈی، ہزارہ، مالا کنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

مٹیاری میں طوفانی بارش کے باعث 2 کاریں اور مسافر بس آپس میں ٹکرا گئیں، اس حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔


سندھ کے اضلاع بدین اور تھر پارکر میں بھی بارش ہوئی ہے جس سے علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

شکریہ

Salman Ahmed