کمپالا ۔ امریکہ ، روس اور چین کے بعد افریقی ممالک نے بھی چاند پر جانے کی منصوبہ بندی کرلی۔ یوگنڈا کے صدر آیؤری موسوینی نے تمام افریقی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ چاند پر اپنا مشن بھیجنے کیلئے متحد ہو جائیں۔ یوگنڈا کے صدر آیؤری موسوینی نے کمپالا میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی چاند پرگئے، روس اور چین بھی وہاں گئے جبکہ بھارت بھی جلد چاند پر مشن بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ افریقی واحد قوم ہے جو اس سلسلے میں سب سے پیچھے رہ گئی ہے۔ یوگنڈا کے صدر نے مزید کہا کہ ہمارا ملک ایک غریب ملک ہے ہم تنہا خلائی مشن کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ تاہم اگر تمام افریقی ممالک متحد ہو جائیں تو ہم ضرور چاند پر قدم رکھیں گے۔ انہوں نے تمام افریقی ممالک کے رہنماؤں پر زور دیا کہ مشترکہ خلائی مشن کیلئے متحد ہوجائیں۔ یوگنڈا افریقی ممالک کے مابین سیاسی اور اقتصادی اتحاد قائم کرنے کا حامی ہے۔ یوگنڈا نے کینیا، تنزانیہ، برونڈی اور رونڈا پر مشتمل یونین قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔