اسلام آباد ۔ پاکستان میں سائبرکرائمز اور افوا ہوں کی روک تھام اور ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرنے کے لئے سائبر سیکورٹی ٹا سک فورس قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ ٹا سک فورس کے چیئر مین ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے عمار جعفری ہوں گے ۔ یہ اعلان وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل طارق کھوسہ نے جمعرات کو اسلام آباد میں انفارمیشن سیکورٹی کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے خطاب میں مزید کہا کہ ٹا سک فورس میں پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹر کے تمام متعلقہ اداروں سے ممبران کو شامل کیا جائے گا۔ اس ٹا سک فورس کا کام انفارمیشن سیکورٹی اور سائبر سیکورٹی کا جائزہ لینا ہو گا اور مستقبل کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی۔ بین الاقوامی کانفرنس میں انفارمیشن سیکورٹی کے ماہرین نے شرکت کی جن کاتعلق پبلک اینڈ پرائیویٹ اداروں سے تھا جبکہ کانفرنس سے وفاقی سیکرٹری آئی ٹی اینڈ سیکورٹی نجیب اﷲ ملک ، چیئر مین پی ٹی اے محمد یاسین ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے عمار جعفری ، شاہد ندیم بلوچ پرو جیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ریسپانس سنٹر برائے سائبر کرائمز ایف آئی اے مقررین نے اپنے اظہار خیال میں اس عزم کا اظہار کیا کہ سائبر کرائمز کو روکنے کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ساتھ تمام سٹیک ہولڈروں کے درمیان تعاون ضروری ہے