پاکستان کے محمد یوسف آئی سی سی کی ٹیسٹ ورلڈ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

محمد یوسف کے کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ان سے قبل یہ پوزیشن پاکستان ہی کے یونس خان کے پاس تھی لیکن گال ٹیسٹ میں سنچری محمد یوسف کو پہلے نمبر پر لے آئی ہے۔

یونس خان جو گال ٹیسٹ میں پچیس اور تین رنز ہی بناسکے اب ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

محمد یوسف اس سال کے اوائل میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر تھے لیکن جس مدت کے لئے عالمی رینکنگ مرتب کی گئی ان دنوں میں پاکستان ٹیسٹ نہ کھیل سکا تھا لہٰذا محمد یوسف کا نام رینکنگ سے ہٹ گیا تھا۔ محمد یوسف دوسال قبل آئی سی سی کے پلیئر آف دی ائر بھی قرار پائے تھے۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ عالمی رینکنگ میں محمد یوسف اور یونس خان کے بعد تیسرا نمبر بھارت کے گوتم گمبھیر کا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندر پال چوتھے اور سری لنکن کپتان سنگاکارا پانچویں نمبر پر ہیں۔

بولنگ میں مرلی دھرن بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ صرف دو پوائنٹس کے فرق سے جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے عمرگل اور دانش کنیریا اٹھارہویں اور انیسویں نمبر پر ہیں۔