راولپنڈی : جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہ نجات کے دوران سیکورٹی فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ پیر کو آئی ایس پی آر سے جاری تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے جنڈولہ سیکٹر میں شیخ یوسف اڈہ کے مقام سے دو مشتبہ دہشت گردو ںکو حراست میں لے لیا جبکہ شکئی سیکٹر میں میول، سکئی اور لاغرسر میں سرچ آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کر لئے۔ فورسز نے کاٹوری سر اور جنگام کے علاقے کلیئر کر دیئے جس کے دوران جھڑپ میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔رزمک سیکٹر میں پش زیارت چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ ادھر سوات میں سیکورٹی فورسز نے سر،گشار، جے کوٹ، دیولائی اور مابوپر میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ دہشت گرد گرفتار کر لئے جبکہ خوازہ خیلہ اور سلہند میں چار دہشت گردوں نے رضاکارانہ طور پر خود کو سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔