اسلام آباد مالی سال 2010-11 کے وفاقی بجٹ کا اعلان مئی کے آخری ہفتے میں ہوگا۔ ماضی قریب میں وفاقی میزانیے ہمیشہ جون کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ نیا وفاقی بجٹ میڈیم ٹرم بجیٹری فریم ورک (Medium term Budgetary frame work) کے تحت تشکیل دینے کا ابتدائی کام شروع ہوگیا ہے۔ ایم ٹی بی ایف ملکی تاریخ میں پہلی بار تین سالہ بجٹ پروجیکشن پر مبنی ہوگا۔ اس سے وفاقی وزراتیں/ ڈویژن فنڈ کے حوالے سے حقیقی طور پر خودمختار ہونگی۔ نئے بننے والے بجٹ میں ہر وزارت/ ڈویژن کو ون لائین (One line) یک سطری (Indicative Budget Ceilings) دے دی جائیں گی جن کے ذریعے 3 سالوں کیلئے ہر وزارت/ ڈویژن کے فنڈز جاری کرائے جائیں گے۔ ایم ٹی بی ایف کے تحت فنڈز کی فراہمی کو سروس ڈلیوری کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق نئے وفاقی بجٹ کا حجم 2300 ارب روپے کے لگ بھگ رکھنے کی تجویز ہے۔