یہ میچ میں نے براہ راست دیکھا تھا ،

انٹر میلان یورپی چیمپئنز لیگ کی فاتح


انٹر میلان نےسنہ انیس سو پینسٹھ کے بعد پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے



یورپی چیمیئنز لیگ کے فائنل میں اطالوی کلب انٹر میلان، جرمن کلب بائرن میونخ کو دو صفر سے شکست دے کر یورپی چیمئنز لیگ کا چیمئن بن گیا ہے۔


یورپی چیمیئنز لیگ کے فائنل میں اطالوی کلب انٹر میلان کی جرمن کلب بائرن میونخ کے خلاف فتح میں جہاں ٹیم کے کھلاڑی ڈیےگو ملیٹو نے اہم کردار ادا کیا وہیں ٹیم کے مینیجر جوزے مورینیو نے تاریخ میں اپنا نام رقم کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
انٹر میلان کے مضبوط دفاع کے بعد ٹیم کے سٹرائیکر ڈیےگو ملیٹونے میچ میں دو گول کیے اور یوں کلب پینتالیس سال بعد دو صفر سے یورپی چیمیئنز لیگ کا اعزاز جیت گیا۔ انھوں نے گول میچ کے چونتسیویں اور سترویں منٹ میں کیے تھے۔
میچ میں بائرن کلب کی ٹیم نے سات بار گول کرنے کی کوشش کی یکن ناکام رہی جب کہ انٹر میلان کی جانب سے گول کرنے کی دو ہی کوشش کی گئیں اور دونوں کامیاب رہیں۔
ٹیم کے مینیجر مورینیو نے اس سے پہلے دو ہزار چار میں یہ کپ پورٹو کے ساتھ جیتا تھا اور اب انٹر میلان کے مینیجر کی حیثیت سے یہ کپ جیت کر وہ تاریخ کے تیسرے ایسے شخص بن گئے ہیں جنھوں نے دو مختلف کلبوں کو فتح دلائی ہے۔
جوزے مورینیو


اس سے پہلے ارنسٹ پیپل اور اوٹمر ہٹزفیلڈ کے پاس یہ اعزاز حاصل تھا۔ سینتالیس سال کی عمر میں جوزے مورینیو نے یہ اعزاز انٹر میلان کو دلایا اور ان کا سفر ابھی جاری ہے۔
اگر ان اطلاعات پر یقین کیا جائے تواس فتح کی وجہ سے جوزے مورینیو موسم گرما میں فٹبال کے سب سے بڑے کلب رئیل میڈرڈ کے مینیجر کی پوزیشن حاصل کر سکتے ہیں۔
اس بات کی وضاحت اس طرح کی جا سکتی ہے کہ برنابیو سٹیڈیم میں انٹر میلان کی فتح کے بعد جب کلب نے انعامی ٹرافی اٹھا رکھی تھی تو جوزے مورینیو کی جانب سے کلب کے مداحوں کی طرف ہاتھ لہرانے کو الوداعی پیغام کہا جا سکتا ہے اور اس بات کی مزید تصدیق اٹلی میں ان کے کرئیر خاتمے پر ہو گی۔
فائنل میچ کا انعقاد سنیچر کو کرانے کے فیصلے کو مکمل طور پر درست قرار دیا جا سکتا ہے اور دونوں ٹیمیوں کے میچ کے لیے تیار ہونے کے بعد تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد سٹیڈیم میں میچ کے پہلے منٹ سے آخری لمحات تک موجود تھی۔
اس کے ساتھ میدان میں سجے میلے میں بھی خوب مقابلہ ہوا۔ میچ کے شروع میں انٹر میلان نے دفاعی حکمت عملی اختیار کیے رکھی۔ پہلے چند منٹ کے علاوہ انٹر میلان کا واضح حربہ مضبوط دفاع کا تھا اور مخالف پر جوابی حملہ تھا۔
اس حکمت کی وجہ سے جرمن کلب میچ پر ہاوی رہا لیکن میچ کے چونیسیویں منٹ میں انٹر میلان کے سٹرائیکر ملیٹو نے میچ کا پہلا گول کر کے میچ میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی اور پھر میچ کے آخری لمحات میں دوسرا گول کر کے ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔ ملیٹو کا رواں سیزن میں یہ تیسواں گول تھا۔
اس موقع پر جوزے مورینیو کی خوشی اس بات کی عکاسی کر رہی تھی کہ ان کا کلب کم از کم دو گول کی برتری حاصل کر سکتا ہے۔