السلام علیکم دوستو‏

پاکستانی نژاد برطانوی
باکسر عامر خان نے ارجنٹائن
کے مارکوس مائیدانا کو شکست
دے کر اپنے عالمی اعزاز کا
کامیابی سے دفاع کیا ہے۔
انہوں نے یہ مقابلہ پوائنٹس
پر جیتا اور یہ تیسرا موقع ہے
کہ عامر خان اپنے اعزاز کے
دفاع میں کامیاب رہے ہیں۔
ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے
لائٹ ویلٹر ویٹ درجے کی
عالمی چیمپئن شپ کے لیے یہ
مقابلہ سنیچر اور اتوار کی
درمیانی شب لاس ویگاس کے
مینڈیلا بے ریزورٹ میں منعقد
ہوا۔
اس مقابلے کے آغاز سے ہی عامر
خان نے اپنے مدِمقابل باکسر
پر تابڑتوڑ حملے کیے اور
پہلے ہی راؤنڈ میں مائیدانا
نیچے گر گئے۔ دوسرے راؤنڈ
میں بھی عامر خان نے جارحانہ
انداز برقرار رکھا۔
تیسرے راؤنڈ میں مائیدانا نے
قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ
کیا تاہم چوتھے اور پانچویں
راؤنڈ میں عامر خان مقابلے
میں واپس آئے اور کئی قیمتی
پوائنٹس حاصل کیے۔ بقیہ
راؤنڈز میں بھی دونوں باکسرز
نے ایک دوسرے پر کئی اچھے
حملے کیے۔
یہ امریکہ میں عامر خان کی
دوسری فائٹ تھی۔ اس سے قبل
انہوں نے مئی دو ہزار دس میں
انتیس سالہ ملیگناگی کو شکست
دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی
سے دفاع کیا تھا۔
چوبیس سالہ عامر خان جولائی
سنہ 2009 میں مانچسٹر میں
ہونے والے مقابلے میں آندریس
کوٹلنک کو پوائنٹس پر شکست
دے کر لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ
چیمپئن بنے تھے۔
پروفیشنل باکسنگ میں عامر
خان نے اب تک پچیس مقابلوں
میں حصہ لیا ہے جن میں سے
چوبیس میں انہیں فتح حاصل
ہوئی جبکہ صرف ایک میں شکست
کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے
مدِمقابل مارکوس مائیدانا
نے اپنے کیرئر میں ستائیس
مقابلے جیتے ہیں اور انہیں
بھی اس مقابلے سے قبل صرف ایک
ہی شکست ہوئی تھی۔‎