ویب ہوسٹنگ خریدنا ہمیشہ سے ایک مسئلہ رہا ہے۔ خصوصاً ان لوگوں کیلئے جنہیں ویب ہوسٹنگ خریدنے کا پہلے سے کوئی تجربہ نہ ہو۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ لوگ انجانے میں ایسا ہوسٹنگ پیکیج خرید لیتے ہیں جو یا تو ان کی ضروریات کے لحاظ سے ناکافی ہوتا ہے یا پھر غیر معیاری ہوتا ہے اور بعد میں پریشانی کا باعث ہوتاہے۔ دنیابھر میں ایسی ہزاروں ہوسٹنگ کمپنیاں موجود ہیں جو دعوے تو بہت بڑے کرتی ہیں لیکن ان کی فراہم کردہ سروس انتہائی غیر معیاری ہوتی ہے۔ میں ایک ایسی پاکستانی ویب ہوسٹنگ کمپنی کے بارے میں بھی جانتا ہوں جو 2200 روپے سالانہ پر نہ صرف یہ کہ مفت ٹاپ لیول ڈومین نیم بلکہ 5 جی بی کا ڈسک اسپیس اور 10 جی بی کی بینڈ وڈتھ فراہم کرتی ہے۔ لیکن درحقیقت اس کمپنی کے تمام تر دعوے یکسر غلط ہیں۔
لوگوں کی اسی پریشانی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے یہ مضمون شائع کیا جارہا ہے جس میں آپ کو ان بنیادی باتوں کے بارے میں بتایا جائے گا جو ویب ہوسٹنگ خریدتے وقت دھیان میں رکھنی چاہئے۔
پہلے تو آپ یہ جان لیجئے کہ ویب ہوسٹنگ کی دو اہم اقسام ہیں۔
ایک شیئرڈ ہوسٹنگ اور دوسری ڈیڈی کیٹڈ (Dedicated) سرور ہوسٹنگ
شیئرڈ ہوسٹنگ میں ویب سرور ایک ہی ہوتا ہے لیکن اسے سینکڑوں مختلف لوگ استعمال کررہے ہوتے ہیں۔ یعنی ایک ہی ویب سرور پر سینکڑوں دوسری ویب سائٹس بھی چل رہی ہوتی ہیں۔ ہوسٹنگ کی یہی قسم سب سے زیادہ زیرِ استعمال ہے کیونکہ یہ بے حد سستی ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں بیشتر ویب سائٹس اس وقت شیئرڈ ہوسٹنگ پر ہی ہوسٹ کی گئی ہیں۔ ایک عام یا درمیانی نوعیت کی ویب سائٹ کے لئے شیئرڈ ہوسٹنگ ہی بہترین ہوتی ہے۔
ڈیڈی کیٹڈ ہوسٹنگ میں ایک سرور پر عام طور پر صرف ایک ہی ویب سائٹ ہوسٹ ہوتی ہے۔ ہوسٹنگ کی یہ قسم بہت مہنگی ہوتی ہے اور صرف انتہائی بڑی ویب سائٹس جنہیں کارپوریٹ ویب سائٹس کہاں جاتا ہے، کیلئے درکار ہوتی ہے۔ یاہو! ، اوریکل، مائیکروسافٹ، ریڈ ہیٹ وغیرہ کی ویب سائٹس کارپوریٹ ویب سائٹس کی چند مثالیں ہیں۔