لپیٹا جانے والا چولہا
جسے کھانے کے برتن پر لپیٹیں اور پھر گرما گرم کھانا کھائیں
سیر سپاٹے کے دوران کھانا گرم کرنا ایک دقت طلب مسئلہ ہے۔ بالخصوص ساحلی مقامات پر تو تیز ہوا آگ جلنے ہی نہیں دیتی۔ تو پھر جناب! کیا کیا جائے؟
پریشان مت ہوئیے۔ اس مشکل صورت حال کا حل ایک ایسے پٹی نما چولہے کی شکل میں سامنے آچکا ہے جس کو آپ بہ آسانی پتیلی یا کسی بھی برتن پر باہر کی جانب لپیٹ کر حسب مرضی کھانا گرم کرسکتے ہیں۔ اس تخلیق کے موجد ’’وان چول ہانگ ‘‘ کا کہنا ہے کہ ان کے اس چولہے یا گرم پٹی میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر مقناطیس کے چھوٹے ٹکڑے لگائے گئے ہیں، جو Wrapstoveپٹی کو پتیلی کی بیرونی سطح سے چپکائے رکھتے ہیں۔ جب کہ درجۂ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے پٹی میں ٹچ اسکرین رکھی گئی ہے، جس میں موجود کنٹرول پینل سے پٹی کو اپنی سہولت کے مطابق استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بعد ازاں اسے تہہ کرکے سفری بیگ میں رکھا جاسکتا ہے۔ لچک دار چارج ایبل بیٹری کی سہولت سے آراستہ اس چولہے میں پولی مر مادے سے بنی لچک دار حرارتی تہہ(Heating Film)لگائی گئی ہے، جو چولہے میں ہیٹر کا کام دیتی ہے۔ یہ پٹی نما چولہا سیاحوں میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔