اسلام آباد…آئینی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کے اکثریتی ارکان نے اتفاق کیا ہے کہ آئینی ترامیم کا بل ،23مارچ کو قوم کے سامنے تحفہ کے طور پر پیش کیا جائیگا۔ کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی کا کہنا ہے کہ قوم آئینی اصلاحات کے حوالے سے جلد خوشخبری سنے گی۔آئینی اصلاحات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سرکاری ملازمین کے معاملات اور ملازمتوں میں صوبائی کوٹہ کے امور سے متعلق آئینی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ذرائع نے جیونیوز کوبتایا ہے کہ آئینی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں اکثریتی ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئینی ترامیم کے بل کو23 مارچ کو قوم کے سامنے پیش کیاجائیگا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ آئینی اصلاحات کے حوالے سے قوم کو جلد خوشخبری سنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کمیٹی احسن طریقے سے کام کررہی ہے تاہم وہ اصلاحات کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے۔
Bookmarks