آسٹریلیا میں شکست،کھلاڑی یونس کیخلاف متحد،
میچ فکسنگ لڑکیوں سے گپ شپ وجہ
دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے متعلق انکوائری رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے۔ اس رپورٹ میں میچ فکسنگ ،کھلاڑیوں کے کپتان یونس خان کے خلاف قرآن پر حلف اٹھانے،باؤنڈری لائن پر لڑکیوں سے گپ شپ لگانے اور لڑائی جھگڑوں کے انکشافات کئے گئے ہیں ۔ دورہ آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کرکٹ بورڈ نے چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم باری کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی ۔ کمیٹی نے کوچ انتخاب عالم ،اسسٹنٹ کوچ عاقب جاوید،منیجر عبدالرقیب،کپتان محمد یوسف سمیت ٹیم کے کھلاڑیوں کے بیانات ریکارڈ کئے ۔ اس رپورٹ کے مطابق انتخاب عالم نے بعض کھلاڑیوں کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہرکیا۔ کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کوڈسپلن کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ،نہ ہی انہیں کپڑے پہننے کا سلیقہ ہے نہ ہی بات کرنے کا، کھلاڑی ذہنی مریض بن چکے ہیں ،انہیں احساس نہیں کہ وہ ملک کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ اسسٹنٹ کوچ عاقب جاوید نے بھی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ یونس خان مغرورکپتان تھے،انہوں نے کبھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی،ان کی قیادت میں کھیلنے کوکوئی تیارنہیں تھا۔ شاہد آفریدی، یونس خان اور شعیب ملک ٹیم میں انتشار پھیلانے میں مصروف رہے، سابق کپتان شعیب ملک نے کمیٹی کے سامنے ڈھول کا پول کھول کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کے خلاف چھ کھلاڑیوں نے قرآن پر حلف لیا اور ٹیم کے کپتان محمد یوسف نے انہیں کمرے میں بلا کر ایسا کرنے پر مجبور کیا، ٹیم کے منیجر عبدالرقیب کا کہنا ہے کہ عمر گل اور محمد عامر باونڈری لائن پر لڑکیوں سے گپ شپ لگاتے رہے،عامر کو باونڈری لائن سے ہٹایا گیا تو وہ برا مان گئے،قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ فیصل حیات نے کہا کہ وکٹ پر گھاس دیکھ کر سلمان بٹ اور شعیب ملک نے بیماری کا بہانا بنایا اور میچ کھیلنے سے انکار کیا۔ رانا نوید نے کہا کہ آئی سی ایل کھیلنے والوں کے اب تک سٹے بازوں سے رابطے ہیں ،اس وجہ سے میچ فکسنگ کے خدشات کا اظہار ہوتا ہے۔
Bookmarks