آپ کس انتشار کی بات کررہے ہیں ؟
کیا نماز کی فرضیت تمام مسالک اہلسنت والجماعت میں متفقہ نہیں ؟
کتنے لوگ ہیں جو پنچ وقتہ نماز پابندی سے ادا کرتے ہیں ؟
کیا روزہ ،حج زکوۃ کی فرضیت متفقہ نہیں ؟
کتنے لوگ ہیں جو روزہ کی پابندی کرتے ہیں اور حج اور زکوۃ کے اہل ہوتے ہوئے بھی اپنے فرائض صحیح طریقے سے ادا کرتے ہیں ؟
کیا حقوق العباد متقفہ نہیں ؟
کتنے لوگ ہیں جو حقوق العباد میں کوتاہی نہیں کرتے ؟
کیا ڈش کیبل ،عریانی فحاشی ،شادی بیاہ میں فضولیات اسلام کا حصہ ہیں ؟کیا ان معاملات پر کوئی بھی اہل سنت والجماعت کا مسلک اختلاف کرتا ہے ؟
کیا جھوٹ ،دھوکہ ، شراب ،زنا ، ناچ گانے ،ایک دوسرے پر ظلم و زیادتی ،ایک دوسرے سے قومیت کے نام پر نفرت کرناوغیرہ پر بھی اختلافات ہیں ؟
اگر نہیں تو کتنے مسلمان ہیں جو ان گناہوں اور فضولیات اور لغویات سے اجتناب برتتے ہیں ؟
یہ لوگوں کے بہانے ہیں کہ جی مولویوں کی اسلام کو مشکل کردیا ہے .... یا انتشار پیدا کردیا ہے یا فلاں ہے فلاں ہے
لوگ اسلام کے بنیادی احکامات پر تو عمل نہیں کرتے جو ہر مسلک میں متفقہ ہیں اور فروعی معاملات میں ایسے مباحثہ کرتے ہیں جیسے ان سے بڑا کوئی دین پر عامل ہی نہیں ؟
کیا یہ مصیبتیں اور پریشانیاں محض مولویوں کی ہی پیدا کردہ ہیں یا ان میں لوگوں کی اپنی بھی کوتاہیاں ہیں ؟
ارشاد باری تعالیٰ ہے :
وَمَا أَصَابَكُم مِّن مُّصِيبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ أَيْدِيكُمْ وَيَعْفُو عَن كَثِيرٍ الخ الشوریٰ 30 پارہ 25
ترجمہ :اور تم تک جو مصیبت بھی پہنچتی ہے وہ تمہارے ہاتھوں کی کمائی ہے اور وہ بہت سی باتوں کو معاف بھی کردیتاہے
کیا یہ آیت مبارکہ صرف مولویوں کے لئے ہے ؟ یا اس آیت مبارکہ میں عام مسلمان بھی شامل ہیں ؟
پھر کیوں صرف مولویوں کو قصوروار کہتے ہیں ؟
عوام خود فرائض کی ادائیگیوں میں کوتاہیاں برت رہے ہیں .... اور بہانہ کرتے ہیں کہ مولویوں نے انتشار پیدا کردیا ہے ؟
یقینا عوام یہ کہہ کر اپنے فرائض سے بری الذمہ نہیں ہوسکتے
دین بہت آسان ہے ...ہرگز مشکل نہیں .... اگر عام مسلمان فرائض کی ادائیگی خشوع و خضوع کے ساتھ کرنے لگیں .... تو یقینا اللہ تعالیٰ ان کے لئے دیگر معاملات میں بھی رہنمائی فرمائے گا اور دین کے راستے آسان فرمادے گا.
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔(وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا ۚ وَإِنَّ اللَّـهَ لَمَعَ الْمُحْسِنِينَ الخ العنکبوت 69 پارہ 21
(ترجمہ:اور وہ لوگ جو جدوجہد کرتے ہیں ہماری خاطر تو ہم ضرور دکھائیں گے انہیں اپنے راستے ،اور یقینا اللہ تعالیٰ ساتھ ہے نیکی کرنے والوں کے
اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین کی صحیح سمجھ اور عمل کی توفیق عطاء*فرمائے آمین
Bookmarks