سوال نمبر ایک:۔
حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے والدِمحترم کا انتقال کہاں اور کتنی عمر میں ہوا؟
جواب:۔ حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دادا جناب عبدالمطلب نے حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو کھجوریں لینے کے لئے مدینہ بھیجا،یا تجارت کے لئے ملک شام روانہ کیا، وہاں سے واپس لوٹتے ہوئے مدینہ میں اپنے والد کے ننہال 'بنو عدی بن نجار میں ایک ماہ بیمار رہ کر پچیس برس کی عمر میں وفات پا گئے اور وہیں 'دارِ نابغہ میں مدفون ہوئے۔
(زرقانی علی المواہب ج 1 ص101 و مدارج جلد2 ص14)
سوال نمبر دو:۔
حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی والدہ ماجدہ کا انتقال کہاں ہوا اور اُس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر کتنی تھی؟
جواب:۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی والدہ ماجدہ کا انتقال 'ابواء نامی گاؤں میںہوا اور وہ وہیں مدفون ہوئیں ور اُس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر چھ برس تھی۔
(المواہب اللدنیۃ ، ذکر رضاعہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم، ج۱،ص۸۸ملخصاً)
سوال نمبر تین:۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دادا جناب عبدالمطلب نے کتنی عمر میں وفات پائی اور اُس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک کیا تھی؟
جواب:-نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دادا جناب عبدالمطلب نے ایک سو بیس برس کی عمر میں وفات پائی اور اُس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک آٹھ برس تھی۔
(شرح الزرقانی علی المواھب،ذکر وفاۃ امہ...الخ،ج۱،ص۳۵۳)
Bookmarks