خودکش حملوں کا ماسٹر مائنڈ ابو فراج گرفتار
مینگورہ:سوات میڈیا سینٹر کے مطابق کالعدم تحریک طالبان سوات کی شوریٰ کے رکن ابو فراج کو زخمی حالت میں چار باغ کے علاقے سے گرفتار کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ابو فراج خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اسکا اصل نام محمدنسیم ہے۔ابو فراج شدت پسند کمانڈر درویش کا بیٹا ہے، جنہوں نے چند روز قبل خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق وہ بچوں کو خود کش حملوں کی ٹریننگ دیتا تھا۔ ابو فراج کو گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کی کاروائی کے دوران چارباغ کے علاقے سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ اس کا شمار مولانا فضل اللہ کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا ۔
Bookmarks