مسجد پر حملہ،میجر جنرل،بریگیڈیئر اور 3 کرنلوں سمیت 40 نمازی شہید
راولپنڈی چھاﺅنی کے علاقے قاسم مارکیٹ میں واقع پریڈ لائن مسجدمیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بم دھماکوں اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں میجر جنرل عمر بلال، بریگیڈیئر عبدالرائوف،لیفٹیننٹ کرنل فخر،لیفٹیننٹ کرنل منظور سعید اور سیکورٹی اہلکاروں سمیت 40نمازی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر اطہر عباس نے 32 نمازیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں فوجی افسران بھی ہو سکتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔ مسجد سے 26 دستی بم اور امریکی ساختہ کیموفلیج بیگ کے علاوہ اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ دھماکوں سے مسجد کا ایک حصہ بھی شہید ہو گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر اسلم ترین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں فائرنگ اور بم دھماکے میں 40 نمازی شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امام مسجد نے جونہی جمعہ کی نماز کا خطبہ ختم کیا دو سے تین حملہ آوروں نے مرکزی ہال میں داخل ہو کر پہلے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کے بعد دھماکے ہوئے جبکہ وہاں موجود عینی شاہدین کے مطابق چوہڑ چوک ویسٹریج سے ملحقہ قاسم مارکیٹ میں پریڈ گراونڈ سے ملحق پریڈ لائن مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 6 سے 8 مسلح افراد داخل ہوئے جنہوں نے پہلے گرنیڈ پھینک کر دھماکے کئے اور بعد میں اندھادھند فائرنگ شروع کی جس کے جواب میں سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔ ذرائع کے مطابق جس وقت دھماکے ہوئے مسجد میں بڑ ی تعداد میں نمازی موجود تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کچھ دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے مسجد کے قریب رہائشی علاقے میں داخل ہوئے تھے یہ مسلح افراد مختلف نوعیت کا اسلحہ استعمال کر رہے تھے۔ زخمیوں کو ریسکیو 1122اور پاک آرمی کی ایمبولینسوں کے ذریعے ملٹری اسپتال، سی ایم ایچ اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کے مزید دستے طلب کر لئے گئے اور پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق قرب و جوار کے مکانات میں مشاق نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح دہشت گرد جائے وقوعہ میں روپوش ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 8 تھی جن میں 4 ہلاک کر دیئے گئے۔
Bookmarks