ایک رپورٹ کے مطابق پندرہ سال سے زائد عمر کے ایک سو بائیس ملین سے زائد یورپی روزانہ گھر، سکول یا دفتر میں انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
کوم سکور نامی فرم کا کہنا ہے کہ ایک یورپی اوسطاً ایک ماہ میں ساڑھے سولہ دن انٹرنیٹ استعمال کرتا ہے اور اس دوران چوبیس گھنٹے میں دو ہزار چھ سو باسٹھ ویب پیج دیکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یورپ کی آبادی کے چالیس فیصد حصے کو انٹرنیٹ تک رسائی ہے اور سولہ میں سے صرف تین ممالک میں یہ شرح چالیس فیصد سے کم ہے۔یورپ میں ہالینڈ ایسا ملک ہے جس کی تراسی فیصد آبادی آن لائن جاتی ہے جبکہ انٹرنیٹ کا سب سے کم استعمال روس میں ہے جس کی صرف گیارہ فیصد آبادی انٹرنیٹ استعمال کرتی ہے۔

مئی 2007 میں کیے گئے اس سروے کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کے اعتبار سے جرمنی میں سب سے آگے ہے جہاں پندرہ برس سے زائد عمر کے تین کروڑ بیس لاکھ افراد انٹرنیٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔

یورپ میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ وقت برطانوی گزارتے ہیں جو ہر مہینے میں اوسطاً چونتیس گھنٹے آن لائن رہتے ہیں جبکہ روزانہ قریباً دو کروڑ اٹھارہ لاکھ برطانوی آن لائن جاتے ہیں۔

یورپ کے سولہ ممالک میں سے تیرہ میں گوگل سب سے مشہور ویب سائٹ ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مائیکروسافٹ اور پھر یاہو کا نمبر آتا ہے۔

سروے کرنے والی فرم’ کوم سکور‘ کے یورپ میں سربراہ باب اونز کا کہنا ہے ’نیٹ صارفین میں اضافے کی بڑی وجہ براڈ بینڈ سروس کی دستیابی ہے اور اس حوالے سے برطانیہ ایک روشن مثال ہے جہاں براڈ بینڈ متعارف کروائے جانے کے بعد نیٹ صارفین میں بےانتہا اضافہ ہوا‘۔