Source: Express News
دبئی: ورلڈ کپ 2015 کے شروع ہونے میں صرف 65 دن باقی رہ گئے اور حسن اتفاق دیکھئے کہ شاہین آئندہ ورلڈ کپ میں بھی وہی کٹ زیب تن کریں گے جسے قومی ٹیم نے 1992 ورلڈ کپ میں پہن کر کرکٹ کی دنیا پر راج کیا تھا۔
1992 ورلڈ کپ کی تاریخ ایک مرتبہ پھر دہرائی جارہی ہے اور 2015 کے ورلڈ کپ میں بعض ایسی حقیقتیں سامنے آئیں گی جو 1992 میں دکھائی دی تھیں۔ آئندہ برس ہونے والے کرکٹ کے بڑے میلے کی میزبانی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا مشترکہ طور پر کریں گے جب کہ 1992 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھی انہیں دونوں ممالک نے مشترکہ طور پر کی تھی۔ اسی طرح کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کلر کٹس کا آغاز 1992 میں ہوا اور اس وقت پاکستان کے حصے میں ہلکے سبز رنگ کی ٹی شرٹ آئی اورایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ 2015 کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے اسی ٹی شرٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
کرکٹ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے 1992 میں عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ اپنے نام کیا جن کا تعلق میانوالی کے نیازی خاندان سے ہے اورایک مرتبہ پھر 2015 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان مصباح الحق کا تعلق میانوالی کے ہی نیازی خاندان سے ہے۔
ورلڈ کپ 2015 میں کامیابی کے لئے زمینی حقائق پاکستان کے فیور میں ہیں جب کہ قومی ٹیم کھیل کے تمام شعبوں میں بھی بھرپور فٹ ہے لیکن ان زمینی حقائق کو حقیقت کا اصل روپ پہنانے کے لئے شاہینوں کو 65 روز بعد متحد ہوکر جان توڑ کوشش کرنا ہوگی۔
Bookmarks