پرتھ …آسٹریلوی ٹیم جب کسی بھی ملک کا دورہ کرتی ہے تو کئی بارسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتی ہے،اس کے باوجودبھی بعض اوقات کھیلنے سے انکارکردیتی ہے، آسٹریلیا نے پاکستان کے ساتھ ایسا ایک بار نہیں بلکہ کئی بارکیاہے۔لیکن تصویرکادوسرا رخ اس وقت نظرآیاجب پرتھ میں ایک تماشائی نے گراؤنڈمیں داخل ہوکرپاکستانی کرکٹر خالد لطیف کوجکڑلیا،اس واقعے نے آسٹریلیاکے سکیورٹی ا نتظامات کی قلعی کھول دی، تماشائی کا میدان میں اترنااور کھلاڑی کو پکڑ کر گرادینا ،وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب آسٹریلیا میں بھارتی باشندوں کوتشددکانشانہ بنایاجارہاہے،ناقص سیکورٹی انتظامات کاکھلاثبوت ہے ،آئی سی سی نے اس واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا سے سکیورٹی انتظامات کی رپورٹ مانگ لی ہے،آئی سی سی کے ایک عہدیدار کے مطابق پرتھ میں پیش آنے والا واقعہ آئی سی سی کیلئے خاصا مایوس کن ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ اگر یہ واقعہ کسی آسٹریلوی کھلاڑی کے ساتھ ہوتاتووہ احتجاجاً پوری ٹیم کوباہرلے جاتے، ممکن ہے کہ یہ معاملہ آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پانچویں ون ڈے میچ کے 46اوور میں ایک تماشائی ڈیوڈ جیمز گراؤنڈ میں گھس آیااور خالد لطیف کو دبوچ کر گرادیا۔ تماشائی پر پانچ سو ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ گراؤنڈ میں آنے پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے۔
Bookmarks