جیف لاسن برطرف، سلیم الطاف ڈائریکٹر جنرل پی سی بی مقرر
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ جیف لاسن اور چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کو برطرف کر دیا گیا جبکہ سلیم الطاف بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بن گئے۔ پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر محمد شان گل کے مطابق یہ فیصلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیئرمین اعجاز بٹ نے گورننگ وورڈ کے متفقہ فیصلے کے بعد کیا ہے جس کے تحت پاکستان کے آسٹریلین کوچ جیف لاسن اور چیف آپریٹنگ افسر شفقت نغمی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ جیف لاسن کو معاہدے کے الیون کلوز کے تحت برطرف کیا گیا ہے۔ سابق کوچ سے طے پانے والے معاہدے کے مطابق دونوں فریقین معاہدہ ختم کرنے سے متعلق تین ماہ پہلے ایک دوسرے کو آگاہ کرنے کے پابند تھے اور بورڈ نے انہیں تین ماہ کی تنخواہ دے کر فارغ کر دیا ہے۔
جیف لاسن نے اگست دو ہزار سات میں کوچ کی ذمہ داری سنبھالی تھی لیکن ان کے دور میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کے سوا کوئی اہم کامیابی پاکستان کو نہیں ملی۔ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کو بھی گورننگ بورڈ کے متفقہ فیصلے پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ بورڈ کے سروس رولز کے تحت انہیں ایک ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گی۔ نئے چیف آپریٹنگ آفیسر کی تعیناتی تک سلیم الطاف کو بورڈ کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا ہے جبکہ گورننگ بورڈ کی طرف سے نئے سی او او کی منظوری تک یہ اختیارات سلیم الطاف کے پاس رہیں گے۔ دوسری جانب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رہائش پذیر جیف لاسن نے اپنی برطرفی پر میڈیا سے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا۔
Bookmarks