حمد باری تعالیٰ


خالقِ حرف و صدا ہے تیری ذات

مرکزِ حمد و ثنا ہے تیری ذات

اے نہایت رحم والی ذاتِ پاک !

مالکِ یومِ جزا ہے تیری ذات

ساری دنیا کا ہے پالن ہار تو

محورِ ارض و سما ہے تیری ذات

زیب دیتا ہے تجھے کبر و غرور

یا الٰہی ! کبریا ہے تیری ذات

بے سہاروں کا سہارا تیرا نام

ناخداؤں کا خدا ہے تیری ذات

حلقۂ ادراک سے صد ماورا

ابتدا اور انتہا ہے تیری ذات

ہاتھ پھیلائے کوئی کس کے حضور

ایک بس حاجت روا ہے تیری ذات

تو ہی واقف ہے دلوں کے حال سے

منبعِ نورِ ہدیٰ ہے تیری ذات

ہے اگر کچھ تو ہے بس تیری عطا

کچھ نہیں تو آسرا ہے تیری ذات

کار سازی تیری ہر مخلوق میں

ہر جگہ جلوہ نما ہے تیری ذات

مشکلیں راغب کی بھی آسان کر

اے خدا ! مشکل کشا ہے تیری ذات