راولپنڈی : فضائی نگرانی کرنے والا اواکس طیارہ ساب 2000 پاک فضا ئیہ میں شامل کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب پاکستان ایرفورس منہاس کامرہ میں منعقد ہو ئی جس میں چیف آف ایراسٹاف راؤ قمر سلیمان مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ساب طیارے کی شمولیت سے پاک فوج کو درپیش خطرات سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساب2000 طرز کے 4 طیاروں کا معاہدہ 866 ملین ڈالر میں کیا گیا ہے ۔ ائیرمارشل قمر سلیمان نے کہا کہ آئندہ سال 18ایف سولہ طیارے پاک فضائیہ کو مل جائینگے اور اٹلی سے زمین سے فضا میں مار کرنیوالا میزائل سسٹم بھی آئندہ سال مل جائیگا۔ انہو ں نے کہا کہ سوئیڈن کے طیارہ ساب 2000 کی شمولیت سے پاک فضائیہ دنیا کی ان چند فضائیہ میں شامل ہوجائے گی جن کے پاس پیشگی اطلاع اور کنٹرول کی صلاحیت کے حامل جدید طیارے موجود ہیں۔ اس طیارے میں ایسا ریڈار لگا ہوا ہے جو زمینی ریڈار کے مقابلے میں زیادہ اورکم بلندی پرموجود میزائلوں اور جہازوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔یہ نظام ہر قسم کے موسمی حالات میں نگرانی کرنے کے ساتھ کمانڈ اینڈ کنٹرول کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے