محفل آرا تھے مگر پھر بھی کم نما ہوتے گئے
دیکھتے ہی دیکھتے کیا سے کیا ہوتے گئے
ناشناسی دہر کی تنہا ہمیں کرتی گئی
ہوتے ہوتے ہم زمانے سے جدا ہوتے گئے
منتظر جیسے تھے در شہر ِ فراق آثار کے
اک ذرا دستک ہوئی در وبام وا ہوتے گئے
حرف پردہ پوش تھے اظہار ِ دل کے باب میں
حرف جتنے شہر میں تھے حرف ِ لا ہوتے گئے
وقت کس تیزی سے گزرا روزمرہ میں منیر
آج کل ہوتا گیا اور دن ہوا ہوتے گئے
Bookmarks