رمضان شریف میں خاص انعامات ہم مسلمانوں پر




حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میری امت کو رمضان شریف کے بارے میں ایسے پانچ انعامات ملے ہیں جو پہلی امتوں کو نہیں ملے۔

1۔ انکے منہ کی بدبو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ محبوب ہے۔

2۔ مچھلیاں ان کیلئے دعاءمغفرت کرتی ہیں

۔3۔ان کیلئے جنت روزانہ سجائی جاتی ہے

۔4۔ سرکش شیاطین جکڑ دئیے جاتے ہیں

۔5۔ رمضان کی آخری رات میں روزہ داروں کی مغفرت کردی جاتی ہے۔


حضرت عمر رضی اللہ عنہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کو یاد کرنے والا شخص بخشا بخشایا ہے لہٰذا روزہ دار کو زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ سے دعا مانگتے رہنا چاہیے۔


حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رمضان المبارک کی ہر رات ایک منادی پکارتا ہے کہ اے خیر کو تلاش کرنے والے متوجہ ہو اور آگے بڑھ اور اے برائی کے طلبگار بس کر اور آنکھیں کھول اسکے بعد وہ فرشتہ کہتا ہے کہ کوئی مغفرت کا چاہنے والا ہے کہ اس کی مغفرت کی جائے ‘کوئی توبہ کرنے والا ہے کہ اس کی توبہ قبو ل کی جائے‘ کوئی دعا کرنے والا ہے کہ اس کی دعاءقبول کی جائے
کوئی سائل ہے کہ اس کا سوال پورا کیا جائے۔


حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کی ایک طویل حدیث ہے کہ جنت کو رمضان شریف کیلئے خوشبووں کی دھونی دی جاتی ہے اور شروع سال سے آخر سال تک رمضان کی خاطر سجایا جاتا ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ رضوان (داروغہ جنت)کو فرماتے ہیں کہ جنت کے دروازے کھول دے اور مالک (داروغہ جہنم) سے فرماتے ہیںکہ احمد صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے روزہ داروں پر جہنم کے دروازے بند کردے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ رمضان شریف میں روزانہ افطار کے وقت حق تعالیٰ شانہ ایسے دس لاکھ افراد کو جہنم سے خلاصی عطا فرماتے ہیں جو جہنم کے مستحق ہوچکے تھے اور جب رمضان کا آخری دن ہوتا ہے تو جس قدر لوگ پورے ماہ میں جہنم سے آزاد کیے گئے تھے انکے برابر اس ایک دن میں آزاد فرماتے ہیں